نور خیر البشر دیکھتے ره گئے

 نور خیر البشر دیکھتے ره گئے
ہم خود اپنی نظر دیکھتے رہ گئے

امن عالم کا گھر دیکھتے رہ گئے
رحمتوں کا نگر دیکھتے رہ گئے

ہے جہان تجلی دیار نبی
آنکھ اٹھائی جدھر دیکھتے رہ گئے

نور ساماں کی وہ جلوہ سامانیاں
مہر و نجم و قمر دیکھتے رہ گئے

بڑھ گئے مصطفیٰ اور روح الامیں
اپنے ہی بال و پر دیکھتے رہ گئے

حشر کے روز حیرت سے کل انبیاء
شان خیر البشر دیکھتے رہ گئے

قافلے والے طیبہ کی جانب چلے
اور ہم رہ گذر دیکھتے رہ گئے

ہو گیا باریاب مدینہ جنوں
اور ہوش و نظر دیکھتے رہ گئے

ہم کہاں اور ادیب " انکی رحمت کہاں
نسبتوں کا اثر دیکھتے رہ گئے
@madaarimedia
-----------------

--