اے چرخ مہر و ماہ کا اپنے جواب دیکھ

اے چرخ مہر و ماہ کا اپنے جواب دیکھ
آغوش آمنہ میں نیا آفتاب دیکھ

میں نے کیا ہے جذبہ عشق نبی پسند
میری نگاہ دیکھ مرا انتخاب دیکھ
@Madaarimedia
نازاں نہ ہو جمال پر اے مہر نیم روز
تابانیئ جبینِ رسالت مآب دیکھ

دامن رسول پاک کا ہم لیکے خلد میں
یوں جاتے ہیں بغیر حساب و کتاب دیکھ

کیا دیکھتا ہے طاقت انگشت مصطفیٰ
ٹکڑے فلک پہ ہوتے ہوئے ماہتاب دیکھ

سرکار جا رہے ہیں سر عرش کبریا
تھامے ہیں جبرئیلِ امیں خود رکاب دیکھ

روئے حبیب پاک میں ہے کون جلوہ گر
میم محمدی کی اٹھا کر نقاب دیکھ

گرمی پہ اپنی ناز نہ کر آفتاب حشر
چھایا ہوا نبی کے کرم کا سحاب دیکھ

لائی نسیم نکہت گیسوئے مصطفیٰ
مہکے ہوئے فضاوں میں مشک و گلاب دیکھ

اے زائر مدینہ یہ ہے روضہ رسول
انوار کبریا کو یہاں بے حساب دیکھ

آنکھوں میں ہجر احمد مرسل کے اشک ہیں
ان موتیوں کی جانچ نہ کر آب و تاب دیکھ

اب کیا کرے گا کوثر و تسنیم اے" ائے ادیب "
تو الفت رسول کی پی کر شراب دیکھ

-----------------


--