وجہ ناز رسل باعث جزو کل حاصل کن فکاں جلوہ افروز ہیں
اے جنونِ محبت وہاں چل جہاں مونس بیکساں جلوہ افروز ہیں
اے جنونِ محبت وہاں چل جہاں مونس بیکساں جلوہ افروز ہیں
کانپ اٹھے نہ کیوں قیصری کی ادا دیکھ کر شان در بار خیر الوریٰ
خاک کا فرش اور دوش پر اک ردا سرور سروراں جلوہ افروز ہیں
@Madaarimedia
جبرئیل امیں بھی ہیں خود حیرتی کیا کہیں کیا بتائیں مقام نبی
خواب راحت میں ہیں ام ہانی کے گھر یا سر لامکاں جلوہ افروز ہیں
پرسش حشر و میزان کی منزلیں ساری آسان ہو جائیں گی مشکلیں
لے چلو مجھ کو پہلے فرشتو وہاں میرے آقا جہاں جلوہ افروز ہیں
بد سے بد تر سہی میری فرد عمل سختئی روز محشر بھی برحق مگر
مطمئن ہے یقین شفاعت سے دل شافع عاصیاں جلوہ افروز ہیں
بزم میلاد جلوہ گہ ناز ہے یہ بھی اک ضوفشانی کا انداز ہے
کہہ رہی ہے نگاہوں کی آسودگی جیسے آقا یہاں جلوہ افروز ہیں
رنج دورئی سوزِ غمِ نارسی دین ہے خامئی ذوقِ دیدار کی
ورنہ ہر منظر بزم امکان میں رحمت ہر زماں جلوہ افروز ہیں
وہ ادیب ان کا انداز جلوه گری گرد صدیق و فاروق و عثمان علی
بزم اصحاب میں باہمہ دلبری قبلۂ عاشقاں جلوہ افروز ہیں