جو روح کانپی بخوف عصیاں شفیع محشر کی یاد آئیفزوں ہوئی حد سے تشنگی جب قسیم کوثر کی یاد آئی
خوشا بلندي جذب الفت مبارک اوج کمال وحشمت
کہ لیکے موج نسیم طیبہ حبیب داور کی یاد آئی
@madaarimedia
جو کی ہے والیل کی تلاوت تو گیسووں کا بندھا تصور
کبھی جو و الشمس منھ سے نکلا رخ منور کی یاد آئی
وہ بزم اصحاب و شاہِ والا ہو چاند کے گرد جیسے ہالا
ریاض جنہ پہ جب نظر کی حضور انور کی یاد آئی
ہیں جا بجا ضوفشاں کھجور ہیں کہ بال کھولے کھڑیں ہیں حوریں
عرب کی پر نور وادیوں کے حسین منظر کی یاد آئی
نصیب بادہ کشوں کے جاگے عروج مستی کا وقت آیا
اٹھا جو طیبہ سے ابر رحمت تو دور ساغر کی یاد آئی
ٹھکانا امن و سکوں کا کوئی نہ مل سکا جب زمانے بھر میں
تو غم نصیبوں کو بے کسی میں رسول کے در کی یاد آئی
کبھی کبھی آمدِ سخن میں جو ذکر جنت چھڑا تو زاہد
خیال حور و قصور تجھ کو مجھے پیمبر کی یاد آئی
دل شکستہ کو شامِ غم میں ادیب " مل ہی گیا سہارا
فلک پہ دیکھا جو ماہ کامل جمال سرور کی یاد آئی