مدحت کا کیسے پورا ہو ارمان یا نبی
خود ناطقہ ہے سر بگریبان یا نبی
خاموش ہے کلام الہی کا حرف حرف
اور آپ بولتا ہوا قرآن یا نبی
تا بندہ تر ہے آپ کے انوار ذات سے
سارا وجود عالم امکان یا نبی
ہیں آپ ہی تو مالک ایوانِ شش جھت
ہم ہیں ازل سے آپ کے مہمان یا نبی
دعوی ہی کیا خدا کے مقابل ہو عشق کا
قادر ہو اس کی ذات میں انسان یا نبی
انسان ناسپاس بنے یہ ہے اور بات
ہے جز و کل پہ آپ کا احسان یا نبی
مجھ کو نہیں صحیفہ کونین سے غرض
میری کتاب دل کا ہے عنوان یا نبی
دیکھیں تو سب کہیں ہے غلام شہ امم
مل جائے کوئی ایسی ہی پہچان یا نبی
واللہ جس کے موجۂ رحمت ہیں چار یار
ہیں آپ ہی وہ قلزم فیضان یا نبی
کس طرح پاسکے شرف حاضری " ادیب "
مفلس ہے اور بے سر و سامان یا نبی
-----------------
midhat ka kaise poora ho arman ya nabi