جمعہ اور عیدین کی جماعت کثیر میں سجدۂ سہو واجب ہو جائے تو کیا کریں
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ اگر نمازِ جمعہ یا عیدین میں کوئی ایسی خرابی لازم آجائے ، جس کی وجہ سے سجدۂ سہو واجب ہو جائے ، اور امام کو خوف ہو کہ اگر سجدۂ سہو کیا تو مجمع کثیر ہونے کی وجہ سے لوگوں میں انتشار پیدا ہو جائے گا ، تو سجدۂ سہو کئے بغیر ہی اگر نماز پڑھا دے ، تو کیا ایسی صورت میں نماز ہو جائے گی؟
مدلل جواب عنایت فرمائیں اور اجر و ثواب پائیں ۔
المستفتی : محمد ریحان
گرام ٹھریا تحصیل میرگنج ضلع بریلی اترپردیش ۔
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
بصورت مسئولہ نماز ہو جائے گی کیونکہ نمازِ جمعہ اور نمازِ عیدین میں سجدۂ سہو معاف ہے ، اور یہ خیال رہے کہ سجدۂ سہو کی معافی مطلق نہیں ہے بلکہ مجمع کثیر کے ساتھ مقید ہے ۔
واضح رہے کہ نمازِ جمعہ اور نمازِ عیدین میں اگر مجمع کثیر نہیں ہے اور سجدۂ سہو واجب ہو گیا ہو تو سجدۂ سہو کرنا واجب ہے نہ کرنے کی صورت میں نماز واجب الاعادہ ہے ۔
دیکھیں بہارِ شریعت ۔۔۔۔
“جمعہ و عیدین میں سہو واقع ہوا اور جماعت کثیر ہو تو بہتر یہ ہے کہ سجدۂ سہو نہ کرے”
(بہارِ شریعت حصہ چہارم ، جلد /1، مسئلہ /39، صفحہ/714 ، مطبوعہ/ المکتبۃ المدینہ کراچی)
السہو في الجمعۃ ، والعیدین ، والمکتوبہ ، والتطوع واحد الا ان مشائخنا قالوا لا یسجد للسہو فی العیدین والجمعۃ لئلا یقع الناس فی الفتنۃ ( الفتاویٰ الهندیه / كتاب الصلاة / الباب الثاني عشر في سجود السهو / جلد 1 / صفحہ 128)
ولایأتي الإمام بسجود السہو في الجمعۃ والعیدین دفعاً للفتنۃ بکثرۃ الجماعۃ وبطلان صلوۃ من یریٰ لزوم المتابعۃ…ومن ھٰذہ السببیۃ أن عدم السجود مقید بما إذا حضر جمع کثیر أما إذا لم یحضروا فالظاھر السجود لعدم الداعي إلی الترک وھو التشویش الخ (طحطاوي علی المراقي / کتاب الصلاۃ / باب سجود السہو / جدید ، صفحہ /465-466 / مطبوعہ/ دارالکتاب دیوبند)
و السہو في صلاۃ العید ، والجمعۃ ، والمکتوبہ ، والتطوع سواء والمختار عند المتأخرین عدمہ في الأولیین لدفع الفتنۃ۔ (تحتہ في الشامیۃ) لکنہ قیدہ محشیہا الواني بما إذا حضر جمع کثیر وإلا فلا داعي إلی الترک۔ ( فتاویٰ شامي / کتاب الصلاۃ / باب سجود السہو / جلد/2 ، صفحہ/92 / مطبوعہ/ کراچي)
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب ۔
کتبہ
محمد عمران کاظم مصباحی المداری مرادآبادی
خادم :- الجامعۃ العربیہ سید العلوم بدیعیہ مداریہ محلہ اسلام نگر بہیڑی ضلع بریلی اترپردیش الہند
تاریخ 14/ ذی الحجہ 1440 ھجری بروز جمعہ مطابق 16/ اگست 2019 عیسوی
الجواب صحیح والمجیب نجیح
فقط سید نثار حسین جعفری المداری نادر مصباحی مکن پور شریف کان پور نگر یو پی الہند
خادم الافتاء : الجامعۃ العربیہ سید العلوم بدیعیہ مداریہ محلہ اسلام نگر بہیڑی ضلع بریلی اترپردیش الہند ۔