عظمتِ آلِ نبیؐ بھول نہ جانا لوگو
تاجِ عصمت کو تماشا نہ بنانا لوگو
یاد رکھے گا سدا سارا زمانہ لوگو
ارض کربل پہ بھرے گھر کو لٹانا لوگو
بی بی زہراؑ کا تقدس نہ بھلانا لوگو
کہتے حسنین کریمین کے نانا لوگو
چاہتے ہوجو دوعالم میں سرخرو ہونا
نام شبیر پہ سر اپنا جھکانا لوگو
حلق پہ تیغ رکھی پھر بھی ادا سجدہ کیا
ایسے ساجد کو کبھی تم نہ بھلانا لوگو
کام آئے گا بہت آپ کے روز محشر
غم میں شبیر کے اشکوں کا بہانا لوگو
بعد کربل کے ہنسی آئی نہیں عابد کو
جیسے ہوں بھول گئے ہنسنا ہنسانا لوگو
جس نے گھر بار لٹاکر ہے بچایا دیں کو
بھول کے ان کا کبھی دل نہ دکھانا لوگو
وعدہ بچپن میں کیا تھا جو کبھی نانا سے
یاد آتا ہے وہ کربل میں نبھانا لوگو
ذکر شبیر مشرف یہ سمجھ کر کرتا
یہ عبادت ہے نہیں کوئی فسانہ لوگو
یہ پُراثر اور دل خوش کر دینے والی منقبت، فقیہِ عصر، شہزادۂ ابو العلماء، حضرت علامہ مفتی سید مشرف عقیل امجدی مداری حسنی حسینی دامت برکاتہم کی تازہ تحریر ہے، جو 6 محرم الحرام 1447 ہجری، مطابق 2 جولائی 2025 بروز بدھ کی روحانی ساعتوں میں کربلا کے مظلوموں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھی گئی۔