کرتے ہیں وہ قرآں کی تلاوت گھڑی گھڑی

کرتے ہیں وہ قرآں کی تلاوت گھڑی گھڑی
ہوتی نبی کی جس پہ عنایت گھڑی گھڑی

ساتھ اپنے فرشتوں کی جماعت لیئے ہوئے
جبریل کرتے رہتے زیارت گھڑی گھڑی

راضی انھیں رہتے ہیں محبوب کبریا
جو ہیں بہاتے اشک ندامت گھڑی گھڑی

دیکھا ہے جس نے روضہء سرکار آنکھ سے
اس کی کریں گے آقا شفاعت گھڑی گھڑی

سیرت نبی کی رکھتے جو اپنی نگاہ میں
ان کو نصیب ہوتی ہے راحت گھڑی گھڑی

خلد بریں کی سینے میں رکھتا ہے جو للک
آل نبی سے وہ کرے الفت گھڑی گھڑی

تجھ سے نگاہ پھیر لیں سرکار مصطفیٰ
ایسی نہ کرنا کوئی حماقت گھڑی گھڑی

قربان ہو کے دیکھ تو آل رسول پر
دیگا خدا ہر اک تجھے نعمت گھڑی گھڑی

وہ حضرت علی کے پدر ہی تھے جو سدا
کرتے مرے نبی کی حفاظت گھڑی گھڑی

ہجر نبی میں جو بھی تڑپتے ہیں رات دن
پاتے ہیں وہ تو پیار کی لزت گھڑی گھڑی

دشمن ہو چا ہے تیغ برہنہ لیئے ہوئے
ہم تو کرینگے یار کی مدحت گھڑی گھڑی

گر چاہتے ہو راضی رہیں تم سے مصطفیٰ
پڑھتے رہو درود شرافت گھڑی گھڑی


Tagged:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *