جو دل کو طیبہ پہ کر کے نثار ناز کرے
نہ اس پہ کیوں نگہ کردگار ناز کرے
ہے کوئی خلق میں ذات محمدی کے سوا
کہ جس پہ صنعتِ پروردگار ناز کرے
جنوں نوازی کریں جب ہوائیں طیبہ کی
تو کیوں نہ پیرہن تار تار ناز کرے
وہ درد ہجر نبی کے سوا کچھ اور نہیں
کہ جس پہ میرا دل بیقرار ناز کرے
کہیں جواڑ کے مدینے تلک پہنچ جائے
تو اس عروج پہ میرا غبار ناز کرے
سدا بہار ہیں وہ پھول باغ طیبہ کے
پھبن پہ جن کی عروس بہار ناز کرے
ہے بیقراری کا ثمرہ جب التفات نبی
قرار کھو کے نہ کیوں بیقرار ناز کرے
خوشا نصیب دیار خلیل سے پھوٹی
وہ صبح جس پہ شب انتظار ناز کرے
الہی تیرے کرم سے ادیب” بن کے رہے
وہ راہی جس پہ نبی کا دیار ناز کرے
_______________
_________