لب پہ انہیں کا ذکر بصد احترام ہے
بھیجا خدا نے جن پہ درود و سلام ہے
دوزخ ملی تھی وہ تو یہ کہئے حضور نے
فرما دیا کہ یہ بھی ہمارا غلام ہے
قسمت سے مل گیا جسے دامان مصطفیٰ
واللہ اس پہ آتش دوزخ حرام ہے
اس کو یہ حادثات جہاں کیا ستائیں گے
جس کی نظر میں سیرت خیرالانام ہے
اب میرے جذب شوق کا عالم نہ پوچھئے
لے کر صبا مدینے سے آئی پیام ہے
سرکار سوئے عرشِ بریں جارہے ہیں آج
سنتے ہیں قدسیوں میں بڑا اہتمام ہے
آؤ مٹا کے فرق من و تو پئیں ادیب”
میخانہ رسول کا گردش میں جام ہے