مل گیا تجھکو اذن زیارت ہو مبارک مدینے کے راہی
جاگ اٹھی یک بہ یک تیری قسمت ہو مبارک مدینے کے راہی
رنگ لایا تیرا شوق الفت ہو مبارک مدینے کے راہی
شام فرقت بنی صبح عشرت ہو مبارک مدینے کے راہی
جلوه گاه شفیع امم ہے جس پہ قرباں بہار ارم ہے
وہ زمیں جو ہے صد رشک جنت ہو مبارک مدینے کے راہی
ہے یہ فرمان محبوب داور دیکھ لے جو مری قبر انور
مجھ پہ واجب ہے اسکی شفاعت ہو مبارک مدینے کے راہی
جسکی خاطر کہے حق تعالیٰ اُدنُ منی وہ قوسین والا
تجھ کو ہوگی نصیب اس کی قربت ہو مبارک مدینے کی راہی
سر میں سودائے عشق نبی ہے رشک صد جوش دیوانگی ہے
تجھ کو تیرا یہ حسن عقیدت ہو مبارک مدینے کے راہی
ان سے جو بیکسوں کے ہیں والی کہنا ” مصباح ” کی خستہ حالی
تجھ کو جنت کی کیاری کی نکہت ہو مبارک مدینے کے راہی