کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ ہمارے یہاں عید الاضحٰی کی نماز پڑھا کر امام صاحب ممبر پر کھڑے ہو کر خطبہ پڑھنے لگے اسی اثنا میں امام صاحب کی زبان کو لکنت ہوئی اور کچھ کا کچھ پڑھنے لگے ، خطبہ اچھی طرح لوگوں کی سمجھ میں نہیں آیا ۔
دریافت طلب امر یہ ہے کہ ہم لوگوں کی نماز عید الاضحٰی ہوئی یا نہیں ، یہ بات لوگوں میں انتشار کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ مسئلہ کا تسلی بخش جواب عنایت فرمائیں عند اللہ ماجور ہوں ۔
المستفتی : محمد شمس نصیری پیتم پور کان پور دیہات اتر پردیش الہند
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
عیدین کے خطبے سے عیدین کی نماز پر کوئی فرق نہیں پڑتا ، کیونکہ عیدین میں خطبہ پڑھنا سنت ہے ، شرطِ نمازِ عید یا واجب نہیں ہے ۔ لیکن جب خطبہ شروع ہوجائے تو سامعین پر اس کا سننا واجب ہے ، وہ خطبۂ عید ہو خواہ خطبۂ جمعہ ۔
بصورت مسئولہ آپ سب لوگوں کی نمازِ عید الاضحٰی ہو گئی بسبب خطبہ نماز کی ادائیگی پر کوئی فرق نہیں پڑا ۔ اطمینان رکھیں انتشار کو دور کریں ۔
بہارِ شریعت بھی اسی طرح ہے دیکھیں
جمعہ میں خطبہ شرط ہے اور عیدین میں سنت ، اگر جمعہ میں خطبہ نہ پڑھا تو جمعہ نہ ہوا اور اس میں نہ پڑھا تو نماز ہوگئی مگر برا کیا ” (بہار شریعت حصہ چہارم / جلد 1 / صفحہ 779 / مطبوعہ / مکتبۃ المدینہ باب مدینہ کراچی)
فانہا سنۃ بعد الصلاۃ وتجوز الصلاۃ بدونہا وان خطب قبل الصلاۃ جاز ویکرہ (الفتاویٰ الہندیہ/ كتاب الصلاة / الباب السابع عشر فی صلاۃ العیدین / جلد 1 / صفحہ / 150) ترجمہ :- پس بلا شبہ خطبہ نماز کے بعد سنت ہے اور اس کے بغیر نماز پڑھنا جائز ہے اور اگر نماز سے پہلے خطبہ پڑھے جائز اور مکروہ ہے ۔
وَأَمَّا الْخُطْبَةُ فَلَيْسَتْ بِشَرْطٍ لِأَنَّهَا تُؤَدَّى بَعْدَ الصَّلَاةِ وَشَرْطُ الشَّيْءِ يَكُونُ سَابِقًا عَلَيْهِ أَوْ مُقَارِنًا لَهُ ۔ (بدائع الصنائع / جلد 1/ صفحہ 276) ترجمہ :- اور رہی عیدین کے خطبے کی بات تو یہ شرط نہیں ہے کیونکہ یہ نمازِ عید کے بعد کیا جاتا ہے اور کسی چیز کی شرط یہ ہے کہ وہ اس سے پہلے ہو یا اس کے ساتھ متصل ہو ۔
وَ قَد نُقِلَ الاِجمَاعُ عَلٰی عَدَمِ وُجُوبِ الخُطبَةِ فِی العِیدَینِ ترجمہ :- بالتحقیق نقل کیا گیا ہے کہ عیدین پر خطبہ واجب نہ ہونے پر اجماع ہے ۔واللہ و رسولہ اعلم بالصواب ۔
کتبہ
محمد عمران کاظم مصباحی المداری مرادآبادی
خادم :- الجامعۃ العربیہ سید العلوم بدیعیہ مداریہ محلہ اسلام نگر بہیڑی ضلع بریلی اترپردیش الہند
تاریخ 14/ ذی الحجہ 1440 ھجری بروز جمعہ مطابق 16/ اگست 2019 عیسوی
الجواب صحیح والمجیب نجیح
فقط سید نثار حسین جعفری المداری نادر مصباحی مکن پور شریف کان پور نگر یو پی الہند
خادم الافتاء : الجامعۃ العربیہ سید العلوم بدیعیہ مداریہ محلہ اسلام نگر بہیڑی ضلع بریلی اترپردیش الہند ۔