رسول پاک سا داتا کہاں سے لاؤ گے
شفاعتوں کا خزانہ کہاں سے لاؤ گے
لٹا دے اپنا جو کل خاندان کربل میں
حسین جیسا نواسہ کہاں سے لاؤ گے
ردائیں چھن گئیں پھر بھی بچا لیا پردہ
مثال زینب کبریٰ کہاں سے لاؤ گے
نبی کی آل سے ہے دشمنی اگر تم کو
لحد میں اپنی اجالا کہاں سے لاؤ گے
پیا ہو جس نے شہادت کا جام ہنس ہنس کر
علی کے بیٹوں سا جذبہ کہاں سے لاؤ گے
ہمارےسجدوں کی جس نےہےآبرو رکھ لی
حسین جیساوہ سجدہ کہاں سےلاؤ گے
نہیں ہے ایسا مجاہد سخی زمانے میں
سخی حضور کے جیسا کہاں سے لاؤ گے



