رحمت دو جہاں محمد ہیں
ہاں رسول زماں محمد ہیں
مالک کل جہاں محمد ہیں
شافع عاصیاں محمد ہیں
کیوں کرے فکر وہ قیامت کی
جس پہ بھی مہرباں محمد ہیں
ہر مرض میں شفا ملے جن سے
وہ طبیب زماں محمد ہیں
رحمت کل کہیں انہیں قرآں
عظمتوں کا نشان محمد ہیں
رب کی وحدت کو واقعی سب پر
کرنے آئے عیاں محمد ہیں
کیا بیاں ہو مجاہد خستہ
میرا دل اور جاں محمد ہیں
شاعر اسلام حافظ محمد مجاہد جعفری



