کیا شرابی کے بیٹے کی اقتداء جائز ہے ؟

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں زید حافظ قرآن ہے محلہ کی ایک مسجد میں مؤذن ہے کبھی کبھار امام صاحب کی غیر موجودگی میں نماز بھی پڑھاتا ہے ، لیکن زید کا والد شراب نوشی کرتا ہے ، لھٰذا دریافت مسئلہ یہ ہے کہ والد کے شراب نوشی کی وجہ سے زید کی اقتداء میں نماز ادا کرنا کیسا ہے ؟
بینوا توجروا

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب

صورت مسئولہ اگر واقعہ کے مطابق ہے تو زید کی اقتداء میں نماز ادا کرنا بلا کراہت جائز ہے ۔

کیونکہ اللّٰہ رب العالمین کا فرمان عظیم الشان ہے مَنْ عَمِلَ صَالِحًا فَلِنَفْسِهِ وَمَنْ أَسَاءَ فَعَلَيْهَا وَمَا رَبُّكَ بِظَلَّامٍ لِلْعَبِيدِ ۔ (القرآن الکریم/ سورہ حم سجدہ/آیت46) ترجمہ: “جس نے نیک عمل کیا تو اپنے ہی لیے کیا اور جس نے برا عمل کیا تو اس کا وبال اسی پر ہے اور آپ کا رب بندوں پر ذرا بھی ظلم کرنے والا نہیں ہے” ۔

تو معلوم ہوا کہ والد کے اعمال قبیحہ کی وجہ سے زید کے اوپر حرمت و کراہت کا حکم نافذ نہیں کیا جا سکتا ۔ ہاں اگر زید بذات خود شراب نوشی کرتا یا کبائر کا مرتکب ہوتا تو پھر اس کی اقتداء میں نماز ادا کرنا مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوتی

جیسا کہ طحطاوی علی مراقی الفلاح میں ہے “كره إمامة الفاسق، …. والفسق لغةً: خروج عن الاستقامة، وهو معنی قولهم: خروج الشيء عن الشيء علی وجه الفساد. وشرعاً: خروج عن طاعة اﷲ تعالی بارتكاب كبیرة. قال القهستاني: أي أو إصرار علي صغیرة. (فتجب إهانته شرعاً فلایعظم بتقدیم الإمامة) تبع فیه الزیلعي ومفاده كون الکراهة في الفاسق تحریمیة”. ( ص 303، ط: دارالکتب العلمیة(

لیکن یہاں وہ مسئلہ ہی نہیں ہے تو زید کی اقامت نیابت امامت مؤذنی سب بلا تردد درست ہے ۔
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب

کتبہ
محمد عمران کاظم مصباحی المداری مرادآبادی
خادم:- الجامعۃ العربیہ سید العلوم بدیعیہ مداریہ محلہ اسلام نگر بہیڑی ضلع بریلی اترپردیش الہند
17/ اگست 2023 عیسوی مطابق 29/ محرم الحرام 1445 ہجری بروز جمعرات ۔

الجواب صحیح والمجیب نجیح
فقط سید نثار حسین جعفری المداری نادر مصباحی مکن پور شریف کان پور نگر یو پی الہند
خادم الافتاء : الجامعۃ العربیہ سید العلوم بدیعیہ مداریہ محلہ اسلام نگر بہیڑی ضلع بریلی اترپردیش الہند ۔

Tagged:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *