جمال واضحی ہے تیری صورت فاطمہ زہرا
حیات مصطفیٰ ہے تیری سیرت فاطمہ زہرا
تعالیٰ اللہ وہ تیری ولایت فاطمہ زہرا
کہ جس پر رشک کرتی ہے رسالت فاطمہ زہرا
جو تیرے چاہنے والے ہیں سب جنت میں جائیں گے
کہ ہے تیر القب خاتون جنت فاطمہ زہرا
کسی کا باپ بھی جنت میں داخل ہو نہیں سکتا
نہ دیں بیٹے اگر تیرے اجازت فاطمہ زہرا
کرشمہ ہے خدا کا اور نبی کا معجزہ تو ہے
فدا قدموں پہ تیرے ہر کرامت فاطمہ زہرا
نساء العالمیں کی سیدہ تجھ کو نہیں آتا
ہے کتنی مستند تیری سیادت فاطمہ زہرا
وہی تو رحمت للعالمیں کی خاص وارث ہیں
ہیں سب کے واسطے رحمت ہی رحمت فاطمہ زہرا
زبان حال سے کہتے ہیں آقا بضعة منى
بیاں کرتے ہیں جب تیری فضیلت فاطمہ زہرا
تعالی اللہ جنت میں وہ تیری شان مخدومی
کرے بنت سلیماں تیری خدمت فاطمہ زہرا
سمجھ لے تیری رفعت کو اگر یہ عرش کا گنبد
تو جھک کر چوم لے وہ تیری تربت فاطمہ زہرا
جھکا لوسر نبی کی شاہزادی آنے والی ہے
ندا آئے گی یہ روز قیامت فاطمہ زہرا
ہیں اسکو دیکھ کر حیراں شہنشاہی کے کروفر
جسے ہے یاد تیری شان غربت فاطمہ زہرا
نبی میرے کریں گے سر پرستی بزم محشر کی
اور اس میں ہوگی تیری ہی صدارت فاطمہ زہرا
انہیں کی حکمرانی تھی انہیں کی حکمرانی ہے
سبھی کے دل پہ کرتی ہیں حکومت فاطمہ زہرا
مری آنکھوں کو آکر چاند سورج پیار سے چومیں
تری نعلین کی گر ہو زیارت فاطمہ زہرا
فرشتے پاکدامانی پہ تیری رشک کرتے ہیں
نہ کیوں نازاں ہو تجھ پر ہاشمیت فاطمہ زہرا
ترے ” مصباح ” کو سر پر اٹھائے پھرتی ہے دنیا
یہ سب ہے بس تری نسبت کی برکت فاطمہ زہرا